پشاور(پی این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے پشاور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ آپ کہتے ہیں بلین ٹری لگائے لیکن ہمیں کوئی درخت نظر نہیں آیا، ہر جگہ آلودگی ہے۔نجی نیوز چینل کے مطابق سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی
میں تین رکنی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے انتظامات پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کیا اور ریمارکس دیے کہ جو لوگ کام نہیں کرتے، فارغ کرکے نئے لوگ لے آئیں، یہ اے سی والے کمرے میں بیٹھے ہوتے ہیں اور صرف خط لکھتے ہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ افسران کام کررہے ہوتے تو کلف والےکپڑوں میں نہیں، جینز پہن کر آتے، خطوط پرکام ہونے کا زمانہ چلا گیا، خط لکھنا بابو کا کام ہے، یہاں بہت بری حالت ہے، ہر جگہ آلودگی ہے۔چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی رپورٹ میں غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، آپ کےکوئی عملی اقدامات نظر نہیں آئے، کاغذی معاملات میں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کہتے ہیں بلین ٹری لگایا لیکن ہمیں کوئی درخت نظر نہیں آیا، آپ کو پتہ نہیں دنیا میں معاملات کیسے چل رہے ہیں، ہم نے شہر کا حال اپنی آنکھوں دیکھ لیا، چھوٹے شہر کا یہ حال ہے تو بڑے شہروں کا کیا حال ہوگا؟دوران سماعت جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ کورونا نہ ہوتا تو بھی آلودگی کی وجہ سے فیس ماسک لگاتے۔عدالت نے 4 ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کرکے سماعت ملتوی کردی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں