کراچی(پی این آئی)سابق وزیر اعظم وہی غداری کر رہے ہیں جو بانی متحدہ نے کی، حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا دم ہے تو وہ پہلے پاکستان آئیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی وہی غداری کر رہے ہیں جو بانی متحدہ نے کی ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں اظہار
خیال کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ تحریک چلانے کے خواہشمند وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن سے تقاریر کر رہے ہیں کسی میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا دم ہے تو وہ پہلے پاکستان آئیں۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ جو یہاں سے اولادوں کو لے جانے کے موڈ میں ہیں، وہ پہلے پاکستان آئیں اور پھر تحریک چلانے کی بات کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے حواری گفتگو فرماتے ہیں کہ یہ جمہوریت نہیں کہ کسی کو غدار قرار دیا جائے، ہم پوچھتے ہیں پھر آپ بتادیں کہ غدار کون ہوتا ہے؟گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میر جعفر اور میر صادق نے بھی غداری کی تھی، نواز شریف بھی وہی غداری کر رہے ہیں جو بانی متحدہ نے کی، ان دونوں میں کوئی فرق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر جو کچھ کر رہے ہیں وہ دشمنوں کی ایما پر کر رہے ہیں، وہ وہاں بیٹھ کر ہرصورت اپنی جائیداد بچانا چاہتے ہیں۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ نواز شریف لندن میں آرام کر رہے ہیں اور لوگوں کو اپنی جائیداد بچانے کے لیے سڑکوں پر آنے کا کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف آنے والی حکومت میں اپنی قدم جمانا چاہتے ہیں، ن لیگی قائد کوئی بھی سمجھوتہ کرکے پھر سے اقتدار کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ جہاں تک بھنڈر جزیرے کی بات ہے تو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے وفاق کو باقاعدہ این او سی دیا ہے اور اس پر سندھ حکومت کی مشاورت کے ساتھ کام ہو رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں