الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران آرمی چیف کی تصویر کا استعمال کرنے پر وارننگ جاری کر دی

مظفرآباد(پی این آئی) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے انتخابی مہم کے دوران آرمی چیف کی تصویر کا استعمال کرنے پر وارننگ جاری کر دی۔ انگریزی اخبار ڈیلی ڈان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بینرز، پمفلٹس، اخباری اشتہارات اور

پوسٹرز وغیرہ پر فوج اور عدلیہ جیسے اداروں کے سربراہان کی تصاویر مت استعمال کریں۔ رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)عبدالرشید سلہریا کی طرف سے یہ حکم نامہ تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی طرف سے اپنے بینر پر آرمی چیف کی تصویر استعمال کرنے کے بعد جاری کیا گیا۔ اس بینر پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنی تصویر کے ساتھ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر بھی چھپوا رکھی تھیں۔ اس بینر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے آرمی چیف، دیگر فوجی افسران اور عدلیہ و دیگر اداروں کے سربراہان کی تصاویر استعمال کرنے سے روک دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انتخابی امیدواروں کی طرف سے اپنے بینرز وغیرہ پر آرمی چیف کی تصویر استعمال کرنا غیرقانونی ہے اور کوئی امیدوار یا سیاسی جماعت ایسا نہیں کر سکتی۔ ایسے کرنے والے امیدوار یا سیاسی جماعت کو الیکشن ایکٹ 2020کے سیکشن 21کے تحت نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں