اسلام آباد(پی این آئی )بلوچستان کے شہر چمن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران جے یو آئی (ف)کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے اے آر وائی نیوز اور سما نیوز چینل کے لوگو پیچھے ہٹا دئیے جس کا مطلب ہے کہ وہ ان دونوں چینلوں سے گفتگو نہیں کرنا چاہتے۔
جب صحافیوں نے ان سے وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ان دونوں چینلز کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز پہلے مولانا عبدالغفور حیدری نے میڈیا پر ایک بیان دیا تھا کہ ان کے آزادی مارچ کے حوالے سے جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ جے یو آئی (ف) یہ مارچ نہ کرے جس کے بعد میڈیا چینلز اور متعدد صحافیوں کی جانب سے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ انہوں نے ملکی ادارے پر اس طرح کا بیان دے کر ذاتی حملہ کیا ہے۔جے یو آئی(ف) کے اکابرین جہاں مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب کی کاروائیوں پر برہم ہیں ، وہاں ان چینلز پر بھی برہمی کا اظہار کررہے ہیں جنہوں نے مولانا فضل الرحمان کی جائیدادوں کی تفصیلات بتائیں اور انکشاف کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے حال ہی میں اسلام آباد میں 3 ارب روپے سے زائد کی زمین بیچی ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں