مسافر گاڑیوں میں لگے غیر معیاری گیس سلینڈرز کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ، مہم فوری طور پر شروع کی جا رہی ہے

کراچی(این این آئی)سندھ حکومت کا مسافر گاڑیوں میں لگے غیر معیاری گیس سلینڈرز کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر کے ہمراہ ٹریفک ڈسٹرکٹ ساو تھ ، ٹریفک ڈسٹرکٹ سٹی اور ٹریفک ڈسٹرکٹ ایسٹ میں کراچی ٹریفک پولیس

کی حالیہ جاری غیر معیاری سی این جی سلینڈرز مہم کے حوالے سے دورہ کیا۔ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق دورہ کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے منسٹر ٹرانسپورٹ سندھ کو غیر معیاری سی این جی سیلینڈرز پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی کاروائی پر بریفنگ دی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے ایمریس مارکیٹ, راشد منہاس روڈ اور آواری کے اطراف غیر معیاری گیس سلینڈرز کے خلاف ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرتے ہوئے دو سو سے زائد مسافر گاڑیوں سے غیر معیاری گیس سلینڈرز نکالے, اس موقع پر ٹریفک پولیس نے کئی گاڑیاں تحویل میں لے لیں. سید اویس قادر شاہ نے میڈیا سے مزید بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین ان اسکول وینز میں بچوں کو نہ بھیجیں جس میں گیس سلینڈر لگا ہوا ہو, پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلینڈر کا استعمال خطرناک ہے, سلینڈر ہٹانے کی مہم چلانے سے پہلے سندھ حکومت کی جانب سے اخبار میں اشتہار دیا گیا تھا. انہوں نے کہا کہ سلینڈر کی وجہ سے کچھ دن پہلے ایک حادثہ بھی ہوچکا ہے جس پر بھت افسوس ہوا, سندھ واحد صوبہ ہے جہاں سی این جی قوانین موجود ہیں. اویس شاہ نے کہا کہ اسکول وین اور بسز سے ایل پی جی سلینڈر نکال کر ان پر مقدمہ درج کروایا جائے گا, موٹروے پولیس محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس پر الزام تراشی کرنے کی بجائے اپنا کام کرے, موٹروی پولیس اگر اپنا کام کرتی تو موٹروی پر حادثات نہ ہوتے. انہون نے کہا کہ کراچی کے لئے جلد بہتر بسز شروع کریں گے, کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں, فی الحال گیس سلینڈر مہم چلا رہے ہیں. اویس شاہ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی تمام گاڑیوں سے گیس سلینڈر نکال کر ان کو چھوڑدیا جائے, اسکول وینز اور بسز سے ایل پی جی گیس سلینڈر نکال کر ان کو بند کیا جائے۔ بعد ازاں منسٹر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کراچی ٹریفک پولیس کو غیر معیاری سی این جی سلینڈرز کے خلاف مہم کو کامیابی سے جاری رکھنے پر ڈی آئی جی ٹریفک اور تمام افسران اور جوانوں کومبارکباد دی اور آگاہی کیمپ کے ذریعے عوام میں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا شعور اجاگر کرنے پر انکی کاوشوں کو سراہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں