اگر کسی چینل نے اشتہاری مجرم کو میڈیا کوریج دینے کی کوشش کی تو لائسنس معطل کر دیا جائے گا،پیمرامیدان میں آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پیمرا کی جانب سے جاری وارننگ میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی چینل نے اشتہاری مجرم کو میڈیا کوریج دینے کی کوشش کی تو لائسنس معطل کر دیا جائے گا، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق زیر سماعت معاملات پر تبصرہ نہیں ہوسکتا، اشتہاری اور مفرور مجرمان کی تقاریر یا انٹرویوز پر تبصرہ بھی

نہیں کیا جاسکتا۔تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے نواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد تمام ٹی وی چینلز کیلئے وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ پیمرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیمرالائسنس ہولڈرنےقانون کی خلاف ورزی کی توجرمانہ،لائسنس معطل کیاجاسکتاہے۔ مجرموں کی کوریج پر پابندی پیمرا آرڈیننس 2002 اورپیمرا ایکٹ 2007کی سیکشن 27کےتحت عائدہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق زیر سماعت معاملات پر تبصرہ نہیں ہوسکتا۔ اشتہاری اور مفرور مجرمان کی تقاریر یا انٹرویوز پر تبصرہ بھی نہیں کیا جاسکتا۔ دوسری جانب پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں ٹی وی چینلز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ نواز شریف ایک اشتہاری مجرم ہیں، عدالت کی جانب سے ان کے وارنٹ جاری ہوچکے ہیں ۔ سابق وزیراعظم کی کوئی بھی تقریر یا بیان اس وقت تک نشر نہیں کیا جائے جب تک ان کے مقدمے کا فیصلہ نہیں آ جاتا۔پیمرا نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی جانب سے مفرور قرار دیئے گئے مجرموں کو ٹی وی پر نشر نہیں کیا جائے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزراء آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) میں میاں محمد نواز شریف کی تقریر نشر کرنے کی مخالفت کر چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ حکومت کو چاہیے نواز شریف کے بیانات نشر کرنے پر پابندی لگا دی جائے۔واضح رہے کہ اے پی سی میں نوازشریف کو تقریر کی اجازت وزیراعظم عمران خان کے حکم پر دی گئی تھی۔ عمران خان نے وزراء کے مطالبے پر کہا تھا کہ کسی کی تقریر نشر نہ کرنا آزادی اظہار رائے کے خلاف ہے۔ اس لیے ہم کسی کو تقریر کرنے سے نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی اے پی سی میں تقریر کے بعد کہا تھا کہ نواز شریف نے اپنی تقریر سے خود کو ایکسپوز کردیا۔ یاد رہے کہ لندن میں موجود نواز شریف کی جانب سے اپنی تقاریر میں اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ روز انہوں نے پاکستان کے میزائل پروگرام کے حوالے سے بھی ایک قومی راز سے پردہ اٹھا دیا تھا۔ اس تمام صورتحال میں اب پیمرا نے نواز شریف سمیت تمام اشتہاری مجرموں کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں