لاہور(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی مسلح افواج اور اس کی متعلقہ ایجنسیوں کے حکام سے ذاتی یا سرکاری ملاقاتوں پر پابندی لگادی۔مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نواز شریف کی طرف سے پارٹی سرکلر جاری کر دیا۔اس سرکلر میں کہا گیا کہ مسلم
لیگ (ن) کی قیادت سمجھتی ہے کہ مسلح افواج اور اس کی ایجنسیوں کے حکام سے اچھی نیت سے ملاقاتیں کی جائیں، پھر بھی ان سے تنازعات جنم لیتے ہیں کیونکہ ان ملاقاتوں کے مخصوص حصے سیاسی رہنماؤں کو بدنام کرنے اور مخصوص مقاصد حاصل کرنے کے لیے ’لیک‘ کر دیے جاتے ہیں۔اس میں تمام پارٹی رہنماؤں اور ورکرز پر پابندی عائد کی گئی کہ مستقبل میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی پارٹی رکن مسلح افواج یا متعلقہ ایجنسیوں کے کسی فرد سے ذاتی یا سرکاری کسی حیثیت میں ملاقات نہیں کرے گا۔مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایات پر پارٹی ارکان کو سرکلرجاری کردیا۔اس میں کہا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں مسلح افواج یا اس سے متعلقہ ایجنسیوں کے حکام سے کوئی ملاقات قومی سلامتی یا آئینی ذمہ داریوں کے لیے ضروری ہو تو پھر بھی ایسا پارٹی قائد کی منظوری سے کیا جائے گا۔سرکلر میں یہ بھی کہا گیا کہ نوازشریف اے پی سی سے اپنے خطاب کو پارٹی اور عوام میں پذیرائی ملنے پر بہت خوش ہیں اور وہ پارٹی کی قیادت سے مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کی توقع کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں