بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری ، ایک لاکھ ہنر مند افراد کو خلیجی ملک بھیجنے کی منصوبہ بندی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان نے تقریبا ایک لاکھ ہنرمند افرادی قوت کویت بھیجنے کی منصوبہ بندی کی ہے جس کا مقصد اپنی ترسیلات زر کو بڑھانا ہے ، جس کے لئے خلیجی ریاست سے متعلقہ حکام سے باضابطہ درخواست کی گئی ہے۔ وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کے حکام نے ’اے پی پی‘ کو بتایا کہ

کویت حکومت سے رابطہ کر کے باضابطہ درخواست کی گئی ہے جس پر مثبت ردعمل متوقع ہے۔ہماری کوشش ہے کہ ترسیلات زر میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جائے جس کے لئے اس طرح کے اقدامات سے نا صرف ہنر مند افراد کے لئے بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ترسیلات زر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس تمام شعبوں کے ہنر مند افرادی وسائل کی کمی نہیں جن کے لئے موجودہ حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک سے ہنر مند افرادی قوت کی بر آمد کے لئے کویت کی حکومت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کر رکھے ہیں جس سے ان کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری نے حال ہی میں ابو ظہبی ڈائیلاگ کے پانچویں سیشن کے دوران کویت کے وزیر محنت سے علیحدہ ملاقات بھی کی ہے اور پاکستانی افرادی قوت کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور ان سے اپیل کی کہ پاکستانی محنت کشوں کو ہع ممکن سہولت دی جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت پاکستان اور کویت کے مابین معاہدے کے علاوہ بھی آجر و اجیر کے معاہدوں کے تحت کویت میں روزگار کے لئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں گلیج ممالک کے لئے بنیادی صحت کے پیشہ ور کارکنوں کو بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے بھی کویت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔کویت کی حکومت پہلے ہی پاکستانی ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل عملہ اور نرسز عملہ کے 444 پاکستانیوں کو بھرتی کرنے پر اتفاق کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے افرادی قوت کو بہت جلد کویت بھجوانے کے معاملہ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ وزارت کے ایک افسر نے کہا کہ 80 میڈیکل عملہ کے افراد کے کوائف ویزوں کے اجراء کے سلسلہ میں کویتی سفارتخانہ کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم 300 سے زائد میڈیکل عملہ کے ارکان کے ویزوں کے اجراء کے معاملہ کو حتمی شکل دیئے جانے کے منتظر ہیں تاکہ ان کی کویت روانگی کے لئے خصوصی پرواز کا بندو بست کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close