کراچی(این این آئی) امیر جماعت اسلامی سنیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ انتخابات میں کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور پی ٹی آئی نے لوگوں کو بیروز گاری، بجلی، گیس اور پانی کی بندش دی، ریاست مدینہ کے دعویدار حکومت بچے، بچیوں اور خواتین سے عصمت دری کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی نہیں
کرسکی۔حقوق کراچی مارچ سے خطاب کے دوران سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے،جب کراچی پریشان ہوتا ہے تو پورا ملک پریشان ہوتا ہے،کراچی میں ملک کے ہر حصے اور ہر زبان بولنے والے لوگ رہتے ہیں، کراچی کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اور اس کی تباہی پورے ملک کی تباہی ہے،ایوب خان سے لے کر آج تک کسی حکومت نے کراچی کو اس کا حق نہیں دیا،صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت نے بھی ہمیشہ کراچی کے لوگوں کا استحصال کیا ہے، موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت بھی کراچی کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت کے 780دن ان کی ناکامیوں کی داستان ہے، معیشت تباہ اور عوام بدحال ہیں، ریاست مدینہ کے دعویدار حکومت بچے، بچیوں اور خواتین سے عصمت دری کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی نہیں کرسکی، عوام کو آٹا 60روپے فی کلو مل رہا ہے، دال، چاول اور چینی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے، چینی 105 روپے میں فروخت ہورہی ہے، دوائیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، بچے اور بچیاں زیادتی کا شکار ہوئی ہیں اور مجرم کیفر کردار تک نہیں پہنچ سکے، حکومت نئے پاکستان کی تعمیر کے لیے پرانی مشینری لائی ہے اور ان سب نے مل کر جو حشر کردیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں مردم شماری پر اعتراضات ہیں لیکن وفاقی حکومت نے ابھی تک اعلان کے باوجود مردم شماری کو درست کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ گزشتہ انتخابات میں کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور پی ٹی آئی نے لوگوں کو بیروزگاری، بجلی، گیس اور پانی کی بندش دی۔ جماعت اسلامی کراچی کے ساتھ ہے اور 14اکتوبر کو ملک بھر میں یوم حقوق کراچی منارہے ہیں،کراچی کے عوام کے لیے ملک بھرمیں اظہار یکجہتی کریں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں کرپشن بڑھ رہی ہے پہلے لوگ ناجائز کاموں کے لیے رشوت دیتے تھے اب جائز کاموں کے لیے بھی دینا پڑتی ہے،، حکومت کی کشمیر پالیسی ناکام ہوگئی ہے اور کشمیریوں کو اس حکومت نے بھی مایوس کیا ہے، حکومت کی معاشی پالیسی انڈے، مرغیوں سے شروع ہوئی تھی،اب کہتے ہیں کہ بھنگ پیدا کر کے معیشت بہتر کریں گے۔ ایسے لوگ حکومت کیسے چلاسکتے ہیں اور عوام کے مسائل کیسے حل کرسکتے ہیں؟کراچی کو بااختیار شہری حکومت دی جائے،مردم شماری درست کی جائے،عوام کو بجلی،پانی سمیت جو بے شمار مسائل درپیش ہیں ان سے نجات دلائی جائے۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں