ن لیگ کی بڑی ترین وکٹ گر گئی، اہم رہنما ساتھیوں سمیت حکومتی اتحادی جماعت میں شامل ہو گیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما مظہر علی رانجھا ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی معروف سیاسی شخصیت میاں مظہر علی رانجھا ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل ہو گئے۔اس موقع پر مظہر علی رانجھا کا کہنا تھا کہ آج اپنے گھر اصل مسلم لیگ میں واپس آ گیا

ہوں۔چوہدری پرویز الہیٰ نے مظہر علی رانجھا کو کوٹ مومن کے لیے تحصیل ناظم کا امیدوار نامزد کر دیا۔گذشتہ ہفتے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری پنجاب مسلم لیگ سینیٹر کامل علی آغا سے این اے 169 بہاولنگر سے تحریک لبیک پاکستان کے ٹکٹ ہولڈر احمد خان کموکا نے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری فیاض تبسم بھی موجود تھے۔چودھری پرویزالٰہی نے احمد خان کموکا کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم ہر محب وطن پاکستانی کواپنی پارٹی میں ویلکم کہتے ہیں۔ اس سے قبل سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے عثمان کھرل پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل ہوئے۔ رائے عثمان کھرل نے ق لیگ میں اپنی شمولیت کا اعلان ہفتے کے روز سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ایک ملاقات میں کیا۔مسلم لیگ ق میں شمولیت پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے انہیں خوش آمدید کہا، رہنما ق لیگ نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ رائے عثمان کھرل پارٹی کی بہتری اور بالخصوص بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پنجاب کی سیاست کے کئی اہم ناموں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ان ناموں میں کچھ سابق اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں نامور سیاسی شخصیات مسلم لیگ ق کے قافلے میں شامل ہو رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close