قیادت نے بھارت اور مودی کی زبان بولی، ایسے بیانات سے میرا اور دیگر کئی لیگی اراکین اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ،

لاہور (پی این آئی) لیگی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ فوج مخالف بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، قیادت نے بھارت اور مودی کی زبان بولی، ایسے بیانات سے میرا اور دیگر کئی لیگی اراکین اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ اتوار ہوئی اے پی سی میں سابق وزیراعظم

اور قائد ن لیگ نواز شریف کی جانب سے دیے گئے فوج مخالف بیانات پر ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا ہے۔ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی نے اپنی قیادت کے بیانات کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج مخالف تقریر قومی مفاد کے سراسر خلاف ہے۔ مجھ سمیت محب الوطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد ایسے منفی موقف سے اعلان لاتعلقی کرتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کی خاطر سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے پر تیار ہیں۔ نواز شریف کا فوج مخالف بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ن لیگی قیادت نے اے پی سی اجلاس کے دوران ہمارے دشمن بھارت اور مودی کی زبان بولی۔اس لیے اپنی قیادت کے ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی ن لیگی ارکین اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس تمام صورتحال کے حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر کا دعویٰ ہے کہ ن لیگ کے اندر نواز شریف کیخلاف بڑی بغاوت کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اے پی سی سے نواز شریف کے متنازعہ خطاب اور حالیہ کچھ روز کے دوران پیش آئے واقعات کے بعد ن لیگ کے اندر لوگ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ن لیگ کے لوگوں کی بڑی تعداد نواز شریف کے حالیہ اقدامات سے سخت نالاں ہے۔ ن لیگ کا ایک بڑا باغی گروپ تیار ہو رہا ہے کہ جو آنے والے دنوں میں نواز شریف کیخلاف بغاوت کر دے گا۔ اس گروپ کا موقف ہے کہ نواز شریف اب ملک کیلئے خطرہ بن گئے ہیں اس لیے مزید ان کی قیادت قابل قبول نہیں ہے، پارٹی کے معاملات میں ان کا عمل دخل ختم کیا جائے۔ نواز شریف کو پارٹی معاملات سے دور کر کے شہباز شریف کو ن لیگ کا مکمل کنٹرول سونپا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں