کراچی (این این آئی) سندھ میں ٹڈی دل کے خاتمے کے دوران 6 ملازمین کی موت پر پی ٹی آئی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے محکمہ زراعت کے خلاف مقدمے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے مذمتی بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے اربوں روپے سے ٹڈی دل اسپرے کے لیے گاڑیاں خریدیں،
اسپرے کرنے سے محکمے کے ہی 6ملازم جان کی بازی ہار گئے، سمجھ نہیں آتی ان نالائقوں کو ایسے مشورے کون دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے گھومنے پھرنے کے لیے ہیلی کاپٹر موجود ہے، اسپرے کے لیے ان کو کوئی جہاز نہیں ملا، اسپرے کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، اسپرے کے ڈبے دیکر انہیں ایک ارب کی گاڑی میں بٹھا دیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر زراعت سندھ اور محکمے کے رویے کی مذمت کرتا ہوں، چھ ملازمین کے قتل کا مقدمہ ان کے خلاف درج ہونا چاہیے، سندھ حکومت ان 6 لوگوں کی موت کی ذمہ دار ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندانوں کے معاوضے میں اضافہ کرے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے دوران ڈیوٹی 6ملازمین جاں بحق ہوئے۔ سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو تجویز دی ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے ملازمین کو شہید کا درجہ دیا جائے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں