ریلوے لائن کے ساتھ قائم تجاوزات کے خاتمے کا حکم، ایک انچ پر بھی ناجائز قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا، سپریم کورٹ نے حکم جاری کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی) سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو ریلوے لائن کے ساتھ قائم تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جمعرات کو ریلوے خسارہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی تو چیف ایگزیکٹو ریلوے

عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ریلوے نے اپنی رپورٹ میں تصویریں لگادیں اس سے تو کچھ پتہ نہیں چلتا، تصویروں میں تو ریلوے کی ساری زمین میں تجاوزات کی گئی ہیں، ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف تعمیرات کی گئی ہیں۔عدالت نے سی ای او ریلوے سے استفسار کیا کہ آپ کے ٹریک کے ساتھ بلڈنگز بنی ہیں کیسے ٹرین چلے گی؟ اس پر سی ای او ریلوے نے بتایا کہ سندھ حکومت سے ہم پوسٹ لے کر تمام تجاوزات ختم کریں گے۔چیف جسٹس پاکستان نے سی ای او ریلوے سے مکالمہ کیا کہ آپ نے ایسی بات نہیں کرنی، ذمہ دار آفیسر بن کر دکھائیں، آپ خود وہاں جا کر دیکھیں کس قدر تجاوزات کی گئی ہیں، سرکاری زمین کی آپ کو پراوہ نہیں؟ ٹریکٹر لے کر جائیں اور ساری تجاوزات گرا دیں۔چیف جسٹس پاکستان نے سندھ حکومت کو ریلوے لائن کے ساتھ قائم تجاوزات ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت تجاوزات پر فوری ایکشن لے، ریلوے کی ایک انچ زمین پر بھی ناجائز قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔عدالت نے استفسار کیا کہ کراچی میں ریلوے لائن پر انڈر پاسز کی تعمیر کا کیا بنا؟ سرکار ہمیں پراگریس بتائے، ہم سے نا پوچھیں کیا کرنا ہے۔سندھ حکومت کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ سرکلر ریلوے کیلئے ایف ڈبلیو او نے 11 انڈر پاسز کا سروے کرلیا، باقی 13 انڈر پاسز کا بھی سروے جلد ہوجائے گا، ایف ڈبلیو او ہمیں ڈیزائن اور لاگت بتائے گا تو کنٹریکٹ ایوارڈ ہوجائے گا۔سندھ حکومت کے حکام کے موقف پر جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ انڈر پاسز اور اوور ہیڈ بریجز کی تعمیر اسٹیٹ آف دی آرٹ ہونی چاہیے، تعمیرات ایسی نا ہوں جو کراچی میں دھبہ بن جائیں۔سیکرٹری ریلوے نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ریلوے کی زمین پر قبضہ ختم کرائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close