ریاض (پی این آئی) سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ادائیگی کے آغاز کی تاریخ کا اعلان، عمرہ ادائیگی و مسجد نبویﷺ کی زیارت 4 مرحلوں میں بحال کی جائے گی، 4 اکتوبر سے مقامی عازمین جبکہ یکم نومبر سے غیر ملکی عازمین کو بھی مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ آمد کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق
سعودی حکومت نے کئی ماہ کے تعطل کے بعد بالآخر عمرہ ادائیگی کی اجازت دینے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق عمرہ ادائیگی و مسجد نبویﷺ کی زیارت 4 مرحلوں میں بحال کی جائے گی۔ 4 اکتوبر سے عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی، تاہم پہلے مرحلے میں صرف مقامی عازمین کو مسجد الحرام آمد کی اجازت دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں یومیہ 6 ہزار عازمین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔دوسرے مرحلے میں 18 اکتوبر سے یومیہ 15 ہزار مقامی عازمین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔اس کے بعد تیسرے مرحلے میں غیر ملکیوں کو بھی مسجد الحرام آمد کی اجازت مل جائے گی۔ یکم نومبر سے بیرون ممالک سے بھی عازمین عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا رخ کر سکیں گے۔ غیر ملکیوں کو مسجد نبویﷺ کی زیارت کی اجازت بھی دی جائے گی، تاہم یومیہ بنیاد پر محدود لوگوں کو عمرہ ادائیگی اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کی اجازت ہوگی۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس خدشات کے باعث مارچ کے ماہ میں عمرہ ادائیگی کیلئے غیر ملکی عازمین کی سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔بعد ازاں کرونا خدشات کے باعث حج کا انعقاد بھی محدود پیمانے پر کیا گیا۔ پھر کچھ روز قبل سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ جلد عمرہ ادائیگی کی دوبارہ اجازت دے دی جائے گی، اور اب اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کر کے تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ سعودی حکومت کے اس اعلان نے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کو خوشی سے سرشار کر دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں