کراچی(این این آئی)کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث ، فی الوقت، پاور یوٹیلیٹی کو بجلی کی پیداوار میں مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کی مطلوبہ مقدار مکمل طور پر دستیاب ہے تاہم گیس پریشر میں کمی کے باعث بجلی کی
پیداوار متاثر ہورہی ہے۔ ایسے وقت میںجب بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے ، گیس پریشر میں موجودہ کمی کے باعث بجلی کی فراہمی میں تقریباً 400 میگا واٹ کی قلّت پیدا ہوگئی ہے۔ کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کو فراہم کی جانے والی گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے ، کورنگی اور سائٹ میںقائم، گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس مکمل طور پرفعال ہونے کے باوجود اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کام کرنے سے قاصر ہیں ۔ جوں ہی گیس کا مطلوبہ پریشر دستیاب ہوجائے گا، یہ تمام پاور پلانٹس اضافی بجلی پیدا کرنے کیلئے اپنی پوری صلاحیت پر کام کرنے لگیں گے۔کے الیکٹرک کے فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس اپنی پوری استعداد پر کام کررہے ہیں۔پاور یوٹیلیٹی نے قلیل المدتی بجلی کی طلب پوری کرنے کیلئے کچھ عرصے کیلئے آر ایل این جی کی فراہمی کی درخواست کی ہے اور اس حوالے سے منظوری کی منتظر ہے۔کے الیکٹرک نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس سپلائی میں کمی کے باعث شہر کے تمام رہائشی طبقات سمیت صنعتی صارفین کو بھی اضافی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاور یوٹلیٹی نے سوئی سدرن کی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ اس مشکل صورتحال کافوری حل تلاش کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں