حساس ڈیٹا لیک ہونے کا معاملہ، ایس ای سی پی کے10 افسران کو شوکاز جاری کر دیئے گئے

اسلام آباد (آئی این پی )سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی)سے حساس ڈیٹا لیک ہونے کے معاملے پر 10 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حساس ڈیٹا لیک ہونے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ کے بعد ایس ای سی پی کے 10 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

گیا، شوکاز میں افسران سے 29 ستمبر تک تحریری جواب طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر اور جوائنٹ ڈائریکٹر کے افسران کو شوکاز جاری کیا گیا ہے، تحریری جواب ملنے کے بعد انکوائری کمیشن تمام افسران کو سنے گی۔ذرائع کے مطابق ایس ای سی پی افسران سے موقف لینے کے بعد باضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین ایس ای سی پی کی ملاقات ہوئی تھی، چیئرمین ایس ای سی پی نے وزیراعظم کو ڈیٹا لیک انکوائری سے متعلق آگاہ کیا تھا۔وفاقی کابینہ میں وزرا نے ایس ای سی پی کا ڈیٹا لیک ہونے کا معاملہ اٹھایا تھا، وزرا نے وزیر اعظم کو ڈیٹا لیک انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا مشورہ دیا تھا۔خیال رہے کہ چند روز قبل ایس ای سی پی نے ریکارڈ کی ترمیم اور چھیڑ چھاڑ کے حوالے سے عائد ہونے والے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر ڈیٹا کی تبدیلی کے حوالے سے الزامات بے بنیاد ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں