سعودی عرب جانیوالے پاکستان پر بجلیاں گرا دی گئیں، قومی ائیرلائن کے بعد سعودی ائیرلائن نے بھی ٹکٹوں کی قیمت بڑھا دی

اسلام آباد (پی این آئی) سعودی ائیرلائن نے پاکستان سے سعودی عرب کے کرائے میں ایک لاکھ روپے سے زائد کا ہوشربا اضافہ کر دیا، قیمتوں میں اضافے کے علاوہ ٹکٹ کنفرم نہ کرنے پر مسافروں کے شدید احتجاج کے بعد اسلام آباد میں واقع سعودی ائیرلائن کے دفتر کو بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی

جانب سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی کو جزوی طور پر ختم کیے جانے کے بعد کئی ائیرلائن نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔گزشتہ روز پی آئی اے اور دیگر نجی ائیرلائن نے کرایوں میں اضافہ کیا تھا، جبکہ اب معلوم ہوا ہے کہ سعودی ائیرلائن نے بھی پاکستان سے سعودی عرب کی پروازوں کے کرائے میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پہلے پاکستان سے سعودی عرب کی یکطرفہ پرواز کا کرایہ 40 ہزار روپے چارج کیا جاتا تھا، جو اب بڑھا کر 1 لاکھ 75 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ایک جانب سعودی ائیرلائن نے کرایوں میں اضافہ کیا ہے، تو دوسری جانب پیسے وصول کرنے کے باوجود ٹکٹ بھی کنفرم نہیں کیے جا رہے۔ منگل کے روز اسلام آباد میں سعودی ائیر لائن کی طرف سے تین دنوں سے ٹکٹ کنفرم نہ ہونے پر مسافروں نے ائیر لائن دفتر کا گھیرائوکر لیا۔ احتجاج کے باعث سعودی ایئرلائن کا دفتر بند کردیا گیا۔ مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے جناح ایونیو اور میٹرو ٹریک بلاک کر دیا جس کے باعث مسافروں سے بھری بسیں روکنی پڑیں۔ مسافروں نے کہاکہ ریٹرن ٹکٹ لیے ہوئے ہیں جنہیں کنفرم نہیں کیا جارہا ، 30 ستمبر اقاموں کی آخری تاریخ ہے، تجدید کی فیس 90 ہزار روپے ہے، 30 ستمبر تک واپس نہ گئے تو اقامے ختم ہوجائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close