کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان میں بیشتر جامعات، کالجز اور اسکول بند کرنے کا اعلان، صوبے کے تعلیمی اداروں سے اب تک 237 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے، مڈل اور پرائمری اسکول کو کھولنے یا بند رکھنے کے حوالے سے آج فیصلہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں تشویش ناک حد
تک کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولے جانے کے بعد اب تک 237 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس صورتحال میں صوبے کی بیشتر جامعات بند کر دی گئی ہیں۔ جبکہ کئی کالجز اور اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ صوبے میں مڈل اور پرائمری اسکول تاحال نہیں کھولے گئے، اس حوالے سے صوبائی حکومت کو کہنا ہے کہ کل ایک اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا اسکول کھولے جائیں یا ان کی بندش جاری رکھی جائے۔اس تمام صورتحال کے حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 فیصد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آئے تو مسائل پیدا ہونگے۔ اسکول کھولنے پر ہمارے تحفظات تھے،صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، طلبا کو کورونا سے بچانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس اوپیزپرعمل ہورہا ہے تاہم جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں انہیں بند کیا ہے۔لیاقت شاہوانی نے کہاکہ کورونا کے سبب لاک ڈاؤن کا بڑا فیصلہ سب سے پہلے سندھ اور بلوچستان نے کیا تھا، طلباء وطالبات کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے والدین،اساتذہ کرام اور تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا جا سکیں کیونکہ اگر سکولوں میں کروانا وائرس کے کیسز بڑھ گئے تو مجبوراً تعلیمی اداروں کو بند کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں