شہری کی فوری مدد کیوں نہ کی؟ سی سی پی او نے پولیس افسران کو گرفتار کرا دیا

لاہور(پی این آئی)شہری کی فوری مدد کیوں نہ کی؟ سی سی پی او نے پولیس افسران کو گرفتار کرا دیا، سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں زخمی شہری کی فوری مدد نہ کرنے پر 2 افسروں کوگرفتار کردایا۔جیونیوز کے مطابق محمد علی جاوید نامی شہری نے درخواست میں سی سی پی او کو بتایا تھا کہ ٹھوکر

نیاز بیگ کے قریب 2 ڈاکوؤں نے اسےلوٹ لیا، وہ کچھ فاصلے پر لگے پولیس نا کے پر مدد کےلیے پہنچا، مگراے ایس آئی زبیر عبداللہ نے مدد کی بجائے مقامی پولیس سے رابطے کا مشورہ دیا جب کہ پیٹرولنگ ڈیوٹی پرموجود سب انسپکٹر محمد عالم نے اشیا کی رسیدوں سمیت تھانے آنے کا کہہ کرٹال دیا۔شہری کا کہنا ہےکہ پولیس بروقت مدد کرتی تو ڈاکو پکڑے جا سکتے تھے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے شہری کی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کرا کر دونوں پولیس افسران کو حوالات میں بند کرا دیا اور ایس پی مجاہد اسکواڈ راشد ہدایت کو آفس طلب کرلیا۔دوسری جانب سی سی پی او نے عام شہری بن کر ہیلپ لائن ون فائیو پر کال کرکے مدد مانگی، چوکی ہلوکی کی پیٹرولنگ گاڑی پر موجود ہیڈ کانسٹیبل نے مدد کی بجائے تھانا کاہنہ رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔سی سی پی او نے رنگ روڈ ہیلپ لائن اور تھانا کاہنہ کے نمبرز مانگے تو ہیڈ کانسٹیبل بلال نے دوبارہ ون فائیو پر کال کرکے نمبرز لینے کا مشورہ دے دیا جس پر سی سی پی او نے مقدمہ درج کرا کے ہیڈ کانسٹیبل کو حوالات میں بندکرا دیا۔

close