وزیر اعظم عمران خان کو ملنے والا مینڈیٹ عوام کا مینڈیٹ ہے وہی استعفے کا مطالبہ کر سکتے ہیں، اپوزیشن کو جو کرنا ہے کرے کوئی فرق نہیں پڑتا، شبلی فراز

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر اعظم عمران خان کو ملنے والا مینڈیٹ عوام کا مینڈیٹ ہے وہی استعفے کا مطالبہ کر سکتے ہیں، اپوزیشن کو جو کرنا ہے کرے کوئی فرق نہیں پڑتا، شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اے پی سی کے مطالبے پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ عوام ہی استعفے کا مطالبہ کر

سکتے ہیں، اپوزیشن کرپٹ عناصر کا گروپ ہے، وہ کیسے استعفے مانگ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ملنے والا مینڈیٹ عوام کا مینڈیٹ ہے وہی استعفے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔انھوں نے کہا جلسے، جلوس، ریلیاں کرنا اپوزیشن کا حق ہے، اپوزیشن کو جو کرنا ہے کرے کوئی فرق نہیں پڑتا، کوئی نتائج نہیں نکلیں گے، لانگ مارچ کے لیے کمٹمنٹ، کاز اور دلیری چاہیے، اپوزیشن کے پاس تینوں نہیں۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا رویہ منافقانہ ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی کیا سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی، نواز شریف 3 بار منتخب ہوئے کیا وہ الیکشن ٹھیک نہیں تھے؟وفاقی وزیر نے کہا نواز شریف کی تقریر تھوڑی بہت سنی میں واک پر نکل گیا تھا، مجھے پتا تھا کہ اس نے کیا کہنا ہے، اپوزیشن کا جو دل چاہے کرے، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ حقیقی جمہوری لوگ ہی نہیں، یہ قانون کو مانتے ہی نہیں۔خیال رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔آج وفاقی وزیر شبلی فراز نے اداروں سے نواز شریف کی تقریر کا از خود نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں