اسلام آباد (پی این آئی)امن وامان کی خوفناک صورتحال ناقابل برداشت، ریاست عام شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے سخت ریمارکس، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اسلام آباد سے متعلق کیسز کے ایک حکم نامے میں کہا ہے کہ ریاست عام شہریوں کے تحفظ
میں ناکام ہوچکی ہے۔ اسلام آباد کی طاقتور ایلیٹ قانون کی دھجیاں بکھیرنے کی براہ راست ذمہ دار ہے۔اسلام آباد میں جرائم،گمشدگیوں اور زمینوں پر قبضوں کے بڑھتے کیسز پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پانچ صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں کے جرائم کا رجحان بڑھتا ہی جارہا ہے، رپورٹس بتارہی ہیں کہ سسٹم کس طرح کرپشن زدہ ہوچکا اور تباہی کے دہانے پرکھڑا ہے۔شہر میں امن وامان کی خوفناک صورتحال ناقابل برداشت ہے۔عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں کا نظام انصاف پر سے اعتبار اٹھتا جارہا ہے، عام شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ قانون کی بالادستی یقینی بناکر شہریوں کا اعتماد بحال کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں