فضائی سفر کرنے والوں کیلئے اہم خبر، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ہدایات جاری کردیں

کراچی (پی این آئی)فضائی سفر کرنے والوں کیلئے اہم خبر، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ہدایات جاری کردیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی آپریشن کے دوران مزید احتیاطی تدابیر کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کردیں ۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق لاک ڈاؤن کی صورت حال ختم ہونے کے بعد فضائی آپریشن

کے دوران کرونا ایس او پیز کو نظرانداز کرنے کی اطلاعات پر نئی سفری ہدایات ترتیت دی گئی ہیں ۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق پاکستان میں کرونا کم ہوا ہے، تاہم ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ، تمام مسافروں کو فضائی سفر کے دوران ماسک پہن کر رکھنا ہوگا ، مسافروں کو سیٹوں پر بٹھانے کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے ، طیارے سے اتارتے وقت بھی سوشل ڈسٹنسنگ کو مدنظر رکھا جائے ، اس دوران تمام مسافروں کے سیٹوں پر بیٹھنے کے بعد کیبن کریو لیڈر اور طیارے کے کیپٹن کی جانب سے تصویر بطور ثبوت لی جائے گی ، جو بعد ازاں ائیرپورٹ انتظامیہ کو جمع بھی کروائی جائے گی ۔دوسری طرف سعودی سول ایوی ایشن نے پاکستان میں موجود ان لیبارٹریوں کی فہرست جاری کر دی جن کے ٹیسٹ قبول کئے جائیں گے ، کراچی سے چار لیبارٹریوں کے ٹیسٹ قبول کیے جائیں گے جن میں آغا خان ، سول ہسپتال، ڈاوٴ ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی لیبارٹریاں شامل ہیں ۔ اسلام آباد کے قومی ادارہ صحت کی وائرولوجی لیب کی رپورٹ بھی قبول کی جائے گی۔ لاہور میں پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، شوکت خانم اور چغتائی لیب کے ٹیسٹس کی رپورٹ پر بھی سعودی عرب جانے کی اجازت ہو گی۔ ملتان میں نشتر ہسپتال کی لیب کے کورونا ٹیسٹ حتمی تصور ہوں گے اسی طرح پشاور سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پبلک ہیلتھ لیب کو منظور کیا گیا ہے۔کوئٹہ کی سرکاری موبائل لیبارٹری اور ایف جے سی اینڈ جی ہسپتال کی لیبارٹری کے کوروناٹیسٹ کی رپورٹ پر بھی سعودی عرب کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ سکھر کے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، مظفر آباد کے عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور گلگت بلتستان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی لیبارٹریوں کے نتائج سعودی اتھارٹی قبول کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close