لاہور (پی این آئی) سعودی عرب نے مملکت میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اس کھیل کے فروغ کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی
جس دوران دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے میدان میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی سفیر کاکہنا تھا کہ خطے میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہورہا ہے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی سعودی عرب میں مقبولیت حاصل کررہی ہے جس کی وجہ سے یہ کھیل سعودی عرب میں بھی مقبول ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ میں پاکستان کے وسیع تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں بھی کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں، کوئی بھی کھیل لوگوں کیلئے اور دونوں ممالک میں تعاون کیلئے بہت ضروری ہے تاکہ معاشرے کی اصل تصویر سامنے آسکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کے پاس نوجوانوں کی ایک بہت بڑی طاقت ہے اور یہاں کے کھلاڑیوں میں بہت زیادہ صلاحیت اور ٹیلنٹ ہے لیکن انہیں تربیت اور رہنمائی کی ضرورت ہے، اس کیلئے دونوں ممالک کا تعاون نہایت موثر ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں