اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے صحت و سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دوطرفہ اور کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں نے قرضوں اور گرانٹس کی مد میں پاکستان کو مجموعی طور پر 3 ارب 55 کروڑ 21 لاکھ ڈالر سے زائد کی امداد فراہم
کی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ فنانسنگ کی مد میں پاکستان کو 262 بلین ڈالر کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ان میں عالمی بنک کی جانب سی111‘ ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے 129‘ فرانس کے ترقیاتی ادارہ کے طرف سے 22 ملین ڈالر کی معاونت شامل ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف‘ ایشیائی ترقیاتی بنک اور اے آئی آئی بی کی جانب سے قرضوں کی مد میں 2.636 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی گئی۔ایوان کو بتایا گیا کہ گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 45.26 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے ان میں ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے 0.50 ملین‘ آئی ایس بی ڈی کی جانب سے 0.21‘ اقوام متحدہ 0.40‘ یورپی یونین 10.86‘ جاپان 2.87‘ چین 4‘ امریکہ 20.87‘ برطانیہ 2.31‘ کینیڈا 2.39 اور جنوبی کوریا نے 0.85 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کی۔ایوان کو بتایا گیا کہ اداروں اور ممالک کی جانب سے 99.11 ملین ڈالر کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے جن میں سے 45.26 موصول ہوئے ہیں۔ ایوان کو بتایا گیا کہ گروپ 20 کے ممالک نے قرضہ ادائیگی کی معطلی کے ذریعے 2.012 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے جس کا مقصد وبا کے تناظر میں مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ بیرونی اقتصادی امداد سے حکومت کو کوویڈ۔ 19 کی وبا کے معاشی اور معاشرتی اثرات سے نمٹنے اور عام شہریوں کی زندگیوں اور روزگار کی جانب مالیاتی وسائل کا رخ موڑنے میں مدد ملی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں