تمام سرکاری اور غیر سرکاری خط و کتابت میں آخری پیغمبر کا نام “حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبین ﷺ”لکھنے کی منظوری دے دی

پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخوا کابینہ نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری خط و کتابت میں آخری پیغمبر حضر ت محمد کا نام “حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبین صلی اللہ علیہ و آلہ و اصحابہ و سلم”لکھنے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز خیبرپختونخواہ کی صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ

محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں ممبران کابینہ کے علاوہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکر ٹریوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اہم ترین فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپخونخواہ محمد خان اور تمام کابینہ اراکین نے صوبے کی تمام سرکاری اور غیر سرکاری خط و کتابت میں پیغمبر اسلام کا نام “حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبین صلی اللہ علیہ و آلہ و اصحابہ و سلم” لکھنے کی منظوری دے دی۔اس کے علاوہ اجلاس کے دوران کابینہ نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے تین نئے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کی بھی منظوری دیدی جن میں کیلاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، کلام ڈویلپمنٹ اتھارٹی شامل ہے ۔اسی طرح کابینہ نے صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے 100مزید کیمپنگ پاڈزقائم کرنے کی منظوری دیدی۔آنے والے پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعض میچوں کی پشاور میں انعقاد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کابینہ نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی آپگریڈیشن کیلئے 400ملین روپے کی اضافی گرانٹ کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کابینہ میں شمولیت پر شہرام ترکئی اور انور زیب کو بھی مبارکباد دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close