موٹروے کیس، فرار ملزم عابد علی کی بیوی بھی گرفتار

مانگا منڈی (پی این آئی) موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی بیوی گرفتار کر لی گئی، بشریٰ نامی خاتون اپنے شوہر کے ساتھ قلعہ ستار شاہ سے فرار ہوگئی تھی، اب خاتون کو مانگا منڈی سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے دوران بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے

مطابق پولیس نے مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم عابد علی کی اہلیہ بشریٰ کو مانگا منڈی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے جب قلعہ ستار شاہ میں عابد علی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا، تو بشریٰ اپنے شوہر کیساتھ فرار ہوگئی تھی۔ عابد علی اور اس کی بیوی اپنی بیٹی کو اکیلے چھوڑ کر فرار ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی بیٹی کو تحویل میں لے لیا تھا۔اب پولیس کا بتانا ہے کہ سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کی جا رہی ہے۔ عابد علی کو ٹریس کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ جبکہ سانحہ گجر پورہ میں ملوث دیگر دو ملزمان شفقت اور اقبال کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا۔ زیادتی کا نشانہ بننے والی متاثر خاتون گزشتہ روز ملزم شفقت کی پہچان بھی کر چکی۔خاتون نے ملزم شفقت کی جانب سے دوران تفتیش دیے گئے اعترافی بیان میں بیان کردہ تفصیلات کی تصدیق بھی کی ہے۔ متاثرہ خاتون نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کیساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے، انہیں سرعام پھانسی دی جائے۔ کیس کی تفتیش کے حوالے سے پولیس کا بتانا ہے کہ تحقیقات کے سلسلے میں کئی افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے کچھ کو رہا کر دیا گیا ہے۔ رہا کیے گئے افراد کو کیس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا، اسی لیے انہیں رہا کیا گیا۔ جبکہ کیس کے مشتبہ ملزم وقار الحسن کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کی رہائی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close