لاہور(پی این آئی)جج ارشد ملک کو گھر بھیج دیا گیا مگر یہ نہیں پوچھا گیا سزا کس کے کہنے پر دی؟نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری پر مریم نواز کا ردعمل،اپوزیشن جماعت ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک نے نوازشریف کی بے گناہی کا اعتراف جس مقدمے میں کیا، اسی میں ان کو گرفتار
کرکے پیش کرنے کا حکم آیا ہے۔اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجراء پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جج ارشد ملک نے بےگناہی، بلیک میلنگ اور زبردستی فیصلہ دلوانے کا بھی اعتراف کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جج صاحب کب کے گھر جاچکے مگر فیصلہ آج بھی جوں کا توں ہے۔ن لیگی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ جج ارشد ملک کو گھر بھیج دیا گیا مگر یہ نہیں پوچھا گیا سزا کس کے کہنے پر دی؟ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہی دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دے دیا گیا۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ مقدمہ تو یہ ہونا چاہیے تھا کہ جج کے اعتراف جرم کے بعد نواز شریف کو دی گئی سزا کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟انہوں نے استفسار کیا کہ اگر نواز شریف کی سزا ہی قائم نہ رہتی تو واپسی کیسی اور گرفتاری کیوں؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں