جانتا ہوں عالمی برادری سے ردعمل آئے گالیکن ۔۔۔ وزیراعظم سرِ عام پھانسی کے قانون پر ڈٹ گئے

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جانتا ہوں عالمی برادری سے ردعمل آئے گا، یورپی یونین کی جانب سے دیے گئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، لیکن پھر بھی کہتا ہوں زیادتی کے مجرم کو مردانہ صلاحیت سے محروم کیا جائے، سرعام پھانسی دی جائے۔تفصیلات کے مطابق

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیر کے روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور موٹروے زیادتی کیس پر تفصیلی ردعمل دیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے زیادتی کے مجرم کو مردانہ صلاحیت سے محروم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مجرموں کی سرجری کرکے ناکارہ بنا دینا چاہیے تاکہ وہ کچھ کر ہی نہ سکیں۔انہوں نے کہاکہ سانحہ موٹروے نے پوری قوم کو ہلا دیا،بچوں کے سامنے جو ہوا اس سے صدمہ پہنچا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ جنسی زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دینی چاہئے،جنسی زیادتی کرنے والوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم اقتدار میں آئے تو آئی جیز نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ ملک میں جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنسی جرائم میں ملوث مجرموں کیلئے نئے قانون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے سرعام لٹکانے سے متعلق عالمی دباؤ آئیگا، جب اس کے بارے میں گفتگو کی تو کہا گیا کہ یہ عالمی سطح پر قابل قبول نہیں ہوگا۔بتایا گیا کہ یورپی یونین نے ہمیں جی ایس پی اسٹیٹس دیا ہے وہ متاثر ہوگا تاہم ان مجرموں کی آختہ کاری ہونی چاہیے، کیمیائی آختہ کاری تاکہ ظلم کے قابل نہ رہیں۔انھوں نے کہاکہ صرف پولیس کا معاملہ نہیں، گند پورے معاشرے میں پھیل چکا ہے، جیل سے رہا ہونے والوں کی کوئی رجسٹریشن نہیں ہوتی، معاشرے میں فحاشی کی وجہ سے فیملی سسٹم ٹوٹتے ہیں، جب فحاشی لائی جاتی ہے تو اس سے جنسی جرائم بڑھتے ہیں، ہمیں ہالی ووڈ کی بجائے اسلامی ڈراموں کو پروموٹ کرنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close