حمزہ شہباز کی جیل سے اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی گئی

لاہور(پی این آئی):حمزہ شہباز کی جیل سے اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی گئی، محکمہ داخلہ پنجاب نے حمزہ شہباز کی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی۔ذرایع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر اتفاق اسپتال منتقلی کی درخواست دی گئی تھی، جسے صوبائی محکمہ

داخلہ نے مسترد کر دیا ہے۔درخواست میں حمزہ شہباز کی میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئی تھیں، درخواست مسترد ہونے پر لیگی رہنما عمران گورائیہ نے ردِ عمل میں کہا کہ پنجاب حکومت حمزہ شہباز کی صحت پر سیاست کر رہی ہے۔یاد رہے کہ چند دن قبل کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔حمزہ شہباز کو پیٹ میں درد اور قے کی شکایات تھیں، جس پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کیا گیا، جیل کے اسپتال عملے نے ان کے ٹائفائیڈ اور کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے، گزشتہ روز رپورٹس آئے تو بتایا گیا کہ دونوں نارمل ہیں، تاہم آج اس بات کی تصدیق کی گئی کہ حمزہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ حمزہ شہباز کو وِڈ پازیٹو ہو گئے ہیں، انھیں جلد اسپتال منتقل کیا جائے۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے بھی حمزہ شہباز کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاج میں سستی اور لاپروائی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔خیال رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی جیل میں حمزہ شہباز سے ملاقات کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں