تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے کورونا ٹیسٹ کی شرط۔۔ وزارت صحت نے واضح کر دیا

لاہور (پی این آئی) سیکرٹری صحت پنجاب نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے کورونا ٹیسٹ کی شرط عائد نہیں کی، تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد حکومتی ٹیمیں کورونا ٹیسٹ کریں گی، حساس اضلاع کے تعلیمی اداروں میں 15 روزہ میں ایک بار رینڈم سیمپلنگ کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ

پنجاب محمد عثمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے کھلنے سے قبل کورونا ٹیسٹ کی کوئی شرط عائد نہیں کی گئی۔تعلیمی ادارے جب کھل جائیں گے تو کورونا ٹیسٹ حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کرنے کیلئے ایک جامع حکمت بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حساس اضلاع میں تعلیمی اداروں میں 15 روزہ میں ایک بار رینڈم سیمپلنگ کی جائے گی۔اسی طرح محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اسکول کھولنے کے لیے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔جس کے تحت اسکولوں میں A اور B دو گروپ بنائے گئے ہیں ، اسکول ہفتے میں 6 دن لگیں گے ہر گروپ 3 دن آئے گا ۔ جہاں گروپ A پیر ، بدھ اور جمعے کو اسکول آئیں گے جبکہ گروپ B منگل ، جمعرات اور ہفتے کو اسکول آئیں گے ۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ 23 اور 30 ستمبر کو کھلنے والی جماعتیں بھی اسی شیڈول کے مطابق چلیں گی ، 15ستمبر کو نویں سے بارہویں جماعت تک کو کھولنے کی اجازت ہے ۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 526 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 مریض ملک بھر کے ہسپتالوں میں وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایکٹو کیسسز کی تعداد 5 ہزار 673 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 411 کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 13 ہزار 797، پنجاب میں 9 ہزار748 ، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 375، اسلام آباد میں 3 ہزار 119، بلوچستان میں 606، گلگت بلتستان میں 397 اورآزاد کشمیر میں 369 ٹیسٹ کیے گئے۔اب تک ملک بھر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 429 ہو چکی ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی بھی کورونا کا مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے لیے مختص شدہ 1 ہزار 912 وینٹیلیٹرز پر 96 کورونا کے مریض ہیں۔ ابھی تک ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ ایک ہزار481 ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close