تنہا قیدی کرونا وائرس کی زد میں کیسے آگیا، جابر حکمران سیاسی مخالفین کو غیر انسانی حالات میں رکھ کر ان کی صحت کے ساتھ کھیل رہے ہیں، مریم نواز

لاہور(پی این آئی)تنہا قیدی کرونا وائرس کی زد میں کیسے آگیا، جابر حکمران سیاسی مخالفین کو غیر انسانی حالات میں رکھ کر ان کی صحت کے ساتھ کھیل رہے ہیں، مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور سوال تو یہ بھی ہے کہ کال کوٹھڑی میں بند تنہا قیدی

کرونا وائرس کی زد میں کیسے آگیا۔مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز کو مطلوبہ طبی سہولتیں نہیں دی جا رہیں، جابر حکمران سیاسی مخالفین کو غیر انسانی حالات میں رکھ کر ان کی صحت کے ساتھ کھیل رہے ہیں، میرا بھائی حمزہ شہباز شریف اس ظلم کا تازہ شکار ہے۔مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ابھی تو یہ تحقیق ہونا باقی ہے کہ گھر کا کھانا بند کر کے نواز شریف کو نیب میں کیا خوراک دی جاتی رہی جس سے یکایک ان کی بیماری میں شدت آگئی، ان کے پلیٹلٹس خطرناک حد تک گر گئے اور انہیں ہارٹ اٹیک ہوا۔خیال رہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل حمزہ شہباز نے اپنے والد شہبازشریف سے بھی ملاقات کی تھی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرے بیٹے حمزہ شہبازکو جیل میں کورونا ہوگیا اور وہ سیاسی انتقام کا انتہائی جرات مندی سے سامنا کر رہا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑنے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے امید ہے کہ کوٹ لکھپت جیل سے جلد اسپتال منتقل کیا جائے گا۔مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو علاج کے لئے فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز گزشتہ تین روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں۔ بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔ علاج میں سستی یا لاپرواہی سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close