متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے ، سیلاب متاثرین کیلئے بڑی امداد پہنچا دی گئی

دُبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے، ہر گزرے دن کے ساتھ دوستی کی یہ عمارت مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔ ایک بار پھر امارات نے آفت میں گھری پاکستانی عوام کی بھرپور مدد کر کے تمام پاکستانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے فرمانروا کے نام پر قائم

فلاحی ادارے خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن کی جانب سے حالیہ دنوں سندھ میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر عوام کو بھرپور امداد فراہم کی گئی ہے۔کراچی میں تعینات اماراتی قونصل جنرل ڈاکٹر سالم علی الزنھنی نے میر پور خا ص کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر کے آفت زدہ لوگوں میں راشن کے 10 ہزار پیکٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر صوبہ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل بھی ان کے ساتھ تھے۔اماراتی قونصل جنرل نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان اور پاکستانی عوام کا بڑا خیر خواہ اور دوست ہے۔ اماراتی حکومت پاکستان میں ہر آفت اور مصیبت کے دور میں پاکستانی عوام کی بھرپور مدد کرتی ہے۔حالیہ سیلاب کے دوران خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن کی جانب سے سندھ کے متاثرہ علاقوں میں ایک لاکھ راشن بیگ تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اماراتی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ کے آفت زدہ عوام کی بھرپور امداد کی ہدایات جاری کی ہیں، جس پر عمل کرتے ہوئے وہ ایک لاکھ سے زائد راشن پیکٹس تقسیم کروا چکے ہیں۔ انہوں نے امدادی سامان کی تقسیم میں مدد دینے پر گورنر سندھ کے کردار کو بھی سراہا۔ڈاکٹر سالم نے اپنی نگرانی میں میر پور خاص کے سیلاب متاثرین میں 10 ہزارراشن پیکٹس تقسیم کروائے۔ یہ امدادی سامان 56 ٹرکوں میں لاد کر پہنچایا گیا تھا۔ اس موقع پرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارات پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، جس نے ہر بحران اور آفت کے دوران پاکستانی عوام کی جی کھول کر امداد دی ہے۔ اس بار بھی اماراتی حکومت پاکستانی عوام کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹی۔ عمران اسماعیل نے میڈیا کو بتایا کہ خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن کی جانب سے بھیجے گئے یہ راشن بیگ میر پور خاص، تھر اور عمر کوٹ میں بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close