اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نوازشریف کو ایک سزا یافتہ مجرم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ لندن میں مزے کر رہے ہیں، اگر وہ واپس نہیں آنا چاہتے تو پلی بارگین کریں، نوازشریف کو واپس لائیں ورنہ شہبازشریف کو نااہل کیا جانا چاہیے، نوازشریف سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی
نہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت میں بجلی معاہدے کے باعث گردشی قرضہ بڑھا،اسی وجہ سے ہمیں بجلی کا فی یونٹ 17روپے کا پڑھ رہا ہے، گیس بھی ہم مہنگی لیکر سستی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے، سٹیل ملزاور دیگر ادارے مسلسل خسارے میں جار ہے ہیں، ان اداروں نے پاکستان کو بڑے بحران کا شکار کر رکھا ہے، دس سال میں شہبازشریف نے دس کھرب روپے خرچ کئے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم میں مسائل ہیں،ان کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، این ایف سی ایوارڈ کا بڑا حصہ صوبوں کو چلا جاتا ہے، اٹھارہویں ترمیم کے مسائل کورونا وباء کے دوران بھی سامنے آئے، گورننس سسٹم میں بھی اصلاحات نظر نہیں آرہی۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کو صوبائی جماعت بنا دیا ہے،نوازشریف ایک سزا یافتہ مجرم ہے لیکن وہ لندن میں مزے کر رہے ہیں، ریسٹورنٹس بھی جا رہے ہیں،نوازشریف اگر واپس نہیں آنا چاہتے تو پلی بارگین کریں، شہبازشریف گارنٹرہیں انہیں کہا جائے گا، نوازشریف کو واپس لائیں ورنہ شہبازشریف کو نااہل کیا جانا چاہیے،نوازشریف سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں، بحریہ ٹاؤن اور انور مجید کیس میں بھی پلی بارگین ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں