پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بھی ہفتہ وار تعطیل ختم،کلاسز دو گروپوں میں تقسیم

لاہور (پی این آئی) پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بھی ہفتہ وار تعطیل ختم، محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے اوقات کار جاری کر دیے گئے، کلاسز کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ تعلیم

پنجاب نے صوبے کے تعلیمی اداروں کیلئے ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ تعلیم نے اسکولوں کیلئے اوقات کار اور دیگر قوائد کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔ تمام نجی و سرکاری اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کی اسکول صبح 7 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھولے جائیں گے۔ جبکہ اسکولوں کیلئے ہفتے کے روز کی ہفتہ وار تعطیل ختم کر دی گئی ہے۔ اب تعلیمی ادارے ہفتے میں 6 روز کھلیں گے۔جبکہ کلاسز کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔دونوں گروپس 3، 3 دن اسکول آئیں گے۔ ایک گروپ میں شامل بچے پیر، بدھ اور جمعہ کے روز اسکول آئیں گے جبکہ دوسرے گروپ میں شامل بچے منگل، جمعرات اور ہفتے کے روز اسکول آئیں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو کھول دیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر 9ویں جماعت سے 12 جماعت کی کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔ جبکہ پنجاب کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور سندھ کے تعلیمی اداروں کی ہفتے کے روز کی ہفتہ وار تعطیل بھی ختم کر دی گئی ہے۔ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بچوں کے تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ سندھ اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو رواں سال موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں دی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close