15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان مگر رواں سال موسم سرما کی تعطیلات نہ دینے کا فیصلہ

کراچی (پی این آئی) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ رواں سال سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں کی جائیں گی، بازار کھولنے سے مشکل مرحلہ سکول کھولنا ہے، بچوں کو ایس اوپیز پر عمل کروانا والدین کی زیادہ ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی شدت میں کمی کے بعد بازار اور

کاروباری سرگرمیوں کی اجازت کے بعد مرحلہ وار تعلیمی دارے کھولنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔سندھ حکومت نے بھی تعلیمی ادارے اور سکول کھولنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ 15ستمبر سے باقاعدہ مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولے جا رہے ہیں۔ بازار کھولنے سے زیادہ مشکل مرحلہ سکول کھولنا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ سکولوں میں بچوں کو ماسک پہنانے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے میں کردار ادا کریں۔زیادہ تر والدین اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیجنا چاہتے۔اس لیے سکولوں میں آن لائن تعلیم جاری رکھی جاسکتی ہے۔ لیکن جن سکولوں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہوگی ان کو بند کردیا جائے گا۔ اسی طرح سیکریٹری تعلیم سندھ نے بھی سکول اور کالجز کے لیے کورس پڑھانے کا طریقہ کار تیار کرلیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت اب اسکول وکالج میں کورس کی پڑھائی مکمل کرائی جائے گی۔ 11ویں اور12 ویں جماعت میں طلبا کو سائنس، ریاضی اور انگلش کا 30 فیصد کورس پڑھایا جائے گا۔نئے طریقہ کار کے مطابق نویں اور دسویں کے طلبا کو سائنس، ریاضی، سندھی اور انگلش کا 40 فیصد کورس پڑھایا جائے گا۔ اسی طرح چھٹی سے آٹھویں کے طالب علموں کو سائنس، ریاضی اور انگلش کا 50 فیصد کورس پڑھایا جائے گا۔پہلی سے پانچویں کے طلبا کو لٹریسی، ریاضی اور جنرل نالج کا 30 فیصد کورس پڑھایا جائے گا۔ 2021 میں تعلیمی سیشن مئی سے شروع کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم سندھ سیکریٹری تعلیم کی سفارش کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔خیال رہے کہ حکومت 15 ستمبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرچکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں