لاہور( این این آئی )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پرشہریوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ٹیمیں سکیورٹی فرائض کیلئے تعینات کر دی گئیں ہیں جو سفر کرنے والوں کو مسافروں کو ہرممکن تحفظ ، مدد اور راہنمائی فراہم
کریں گی ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پی ایچ پی اور ایس پی یو کی ٹیموں تین شفٹوں میں 24گھنٹے لگاتار پٹرولنگ کریں گی جو جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کا قلع قمع کرتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گی ۔ انہوںنے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کو ہدایت کی کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کی سکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے وہ خود فیلڈ وزٹ کرکے انسپکشن اور مانیٹرنگ کرتے رہیں اور جامع حکمت عملی کے تحت سیکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پی ایچ پی اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی سکیورٹی ٹیموں کی تعیناتی اور پٹرولنگ کے آغازکے موقع پر افسران کو ہدایات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر ، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ بلال صدیق کمیانہ سمیت دیگر افسران موجود تھے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں