صرف پانچ سو ڈالرز سے شروعات کرنیوالا پاکستانی پاکستان کا امیر ترین شخص بن گیا، امریکا کا 66واں امیر شخص قرار

نیو یارک (پی این آئی) پاکستانی نژاد امریکی شہری شاہد خان کو تقریباً 8 ارب ڈالر کے ساتھ امریکہ کا 66 واں امیر ترین شخص قرار دے دیا گیا۔ شاہد خان پاکستان کے بھی سب سے امیر ترین شخص ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے فوربز میگزین کی جانب سے سالانہ شائع کی جانے والی 400 امیر ترین امریکیوں کی

فہرست جاری کردی گئی ہے۔فہرست کے مطابق ایمازون ویب سائٹ کے بانی اور مالک جیف بیزوس مسلسل تیسرے سال بھی اس فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر موجود رہے، ان کی کل دولت کا تخمینہ 179 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ فہرست کے مطابق امریکہ کے دوسرے امیر ترین شہری مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کی کل دولت 111 ڈالر بتائی گئی ہے۔ جیف بیزوس اور بل گیٹس کے بعد فہرست میں تیسرے نمبر پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی اور مالک مارک زگر برگ ہیں جس کی کل دولت کا تخمینہ 85 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔امریکی جریدے کی فہرست میں شاہد خان واحد پاکستانی نژاد ہیں جن کی دولت تقریباً 8 ارب ڈالر ہے۔ فوربز میگزین کے مطابق شاہد خان 1967 میں 16 سال کی عمر میں جب تعلیم حاصل کرنے امریکہ آئے تھے تو ان کے پاس صرف 500 ڈالر تھے، جبکہ ان کے پاس اب 7.8 ارب ڈالر ہیں۔ شاہد خان نے انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گاڑیوں کے پرزے بنانے والی کمپنی فلیکس این گیٹ میں ملازمت اختیار کرلی اور کچھ سالوں بعد 1980 میں انھوں نے اسی فرم کو خرید بھی لیا، جس کے بعد ان کی دولت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اسی کمپنی کے اب دنیا بھر میں 60 سے زائد برانچ ہیں جبکہ 24 ہزار سے زائد ملازمین بھی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close