اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 30 ہوگئی جس میں 2 لاکھ 87 ہزار 950 صحت یاب بھی ہوگئے جو تقریباً 96 فیصد ہے. اس کے علاوہ ملک میں ابھی تک کورونا وائرس کی وجہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار
365 ہوگئی ہے ملک میں آج 10 ستمبر کے دن تک کورونا وائرس کے مزید 181 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ خوش قسمتی سے پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی.خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا جس کے بعد سے اب تک اس عالمی وبا کو ساڑھے 6 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے‘اس عرصے میں وائرس کے کیسز میں کمی اور تیزی دونوں دیکھی گئی اور جون کا مہینہ ملک میں اس وائرس کے کیسز اور اموات کے حساب سے سب سے زیادہ تشویشناک ثابت ہوا. جون کے مہینے میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تھیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا تھا تاہم جولائی میں کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی جس کے نتائج ستمبر میں بھی آرہے ہیں اور اسی بہتر صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے.آج 10 ستمبر کو پنجاب میں صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید 72 نئے مریضوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 72 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 97 ہزار 461 ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی. وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی عالمی وبا کے مزید 24 مریضوں کی تصدیق ہوئی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آئے ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 804 ہوگئی تاہم وفاقی دارالحکومت میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی.ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 69 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اس نئے اعداد و شمار کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 137 تک پہنچ گئی وہاں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی نئی موت رپورٹ نہیں ہوئی. پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 16 لوگوں کو متاثر کرگیا سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 16 مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی، تاہم وہاں بھی کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی.ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 444 افراد شفایاب ہوئے ہیں اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ان نئے صحت یاب ہونے والوں کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار 950 تک
پہنچ گئی جو مجموعی کیسز کا 96 فیصد ہے‘ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحت یاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو ملک میں مصدقہ کیسز 300030‘اموات 6365صحت یاب 287950جبکہ فعال کیسز کی تعداد5715 افراد ہے.ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 115 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 461 تک پہنچ چکی ہے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 755 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 402 ہے علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 804، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 137 اور کشمیر میں 2 ہزار 356 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں.خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کیے تاہم بعد ازاں صورتحال بہتری کی جانب واپس گامزن ہوئی اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں .
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں