سالانہ اضافی الائونس، حکومت نے سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا، سیکرٹریٹ کی774 افسران و ملازمین کو سالانہ 27 کروڑ روپے سے زائد اضافی الائونس ملے گا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ چلانے کے لیے افسران و ملازمین کا لاہور سمیت دیگراضلاع سے جنوبی پنجاب تبادلہ کیا جارہا

ہے، حکومت نے سرکاری افسران و ملازمین کو خوش کرنے کے لیے اضافی تنخواہیں بھی منظور کی ہیں۔محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں 774 افسران و ملازمین کو سو فیصد ایگزیکٹو الائونس دیا جائے گا جس کے لیے سالانہ 27 سے 30 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے، وہ افسران جو پہلے سے سو فیصد ایگزیکٹو الائونس لے رہے ہیں انہیں 75 فیصد مزید جبکہ جو پہلے یہ الائونس نہیں وصول کر رہے انہیں 100 فیصد الائونس دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق یہ ایک الگ بجٹ ہے جس کے لیے کوئی رقم مختص نہیں، یہ بطور ضمنی گرانٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے دی جارہی ہے۔محکمہ خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے تین ارب روپے کی رقم مختص ہے، تنخواہیں بھی اس فنڈز سے دی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close