اسلام آباد(پی این آئی)ایک دوسرے کے خلاف ڈرامے بازی، پریس کانفرنسز کا کوئی فائدہ نہیں، گراؤنڈ پر جا کر کام کرنے کی ضرورت ہے، مراد سعید کا بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر رد عمل، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پی پی چیئرمین کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ فرزند زرداری نے آج اپنے والد
کے کرپشن کیسز پر بات کی، یہ لوگ ملک کے اہم مسائل کو بھی سیاست کی نذر کر دیتے ہیں۔انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کراچی میں جب بھی بارش ہوتی تھی تو گورننس مسائل سامنے آئے، سب جانتے ہیں کراچی اس ناروا سلوک کا مستحق نہیں تھا، وزیر اعظم نے سب سے بڑا پیکج دے کر کراچی کا ہاتھ تھاما ہے۔مراد سعید کا کہنا تھا فرزندِ زرداری نے ان حالات میں بھی والد کے کرپشن پر بات کی، یہ لوگ گوداموں میں گندم نہیں چھوڑتے، توشہ خانے کا سامان نہیں چھوڑتے، اسکولوں کا فرنیچر، دوائیاں، سیلاب زدگان کا فنڈ بھی نہیں چھوڑتے۔وفاقی وزیر نے کہا اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کا یہ مطلب نہیں کہ پیسہ ابو کے جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہو، کراچی کو کچرے کا ڈھیر آپ نے بنایا، وزیر اعظم نے سب سے بڑا پیکج دے کر کراچی کا ہاتھ تھاما ہے ،اب کراچی کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا، یہاں اب سیوریج اور سڑکوں کا نظام ٹھیک ہو جائے گا۔انھوں نے کہا ہم ایسا کراچی دینا چاہتے ہیں جہاں بارش تو آئے گی مگر گھروں میں پانی نہیں جائے گا، آپ جتنے چاہیں سیاسی بیان دیں مگر کراچی کے مسئلے پر سیاست نہ کریں، ان کو ڈر ہے کہ کراچی سے صفائی ہو گئی تو سندھ حکومت کا کچرا بھی صاف ہو جائے گا۔ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے بھی بلاول کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل میں کہا کہ کراچی منصوبوں پر کام کا انتظار کر رہا ہے، اب اس طرح سیاست مزید نہیں چلے گی، ایک دوسرے کے خلاف ڈرامے بازی، پریس کانفرنسز کا کوئی فائدہ نہیں، گراؤنڈ پر جا کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اسد عمر نے کہا توجہ ہٹانے والی فضول بحث اور کام نہ کرنے کی باتیں ہوتی ہیں، آپ کام نہیں کرنا چاہتے تو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیتے ہیں، مان لیا 750 ارب ہیں ان کے لیکن کام بھی کل سے شروع کریں، اگر سب پرانے منصوبے ہیں تو زمین پر کام کتنا ہوا ہے؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں