اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹریفک وارڈن نے پرائیویٹ گاڑی میں دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور موبائل فون سننے پر سربراہ لاہور پولیس کو چالان ٹکٹ تھما دیا۔ لاہور پولیس کے سربراہ محمد عمر شیخ نے شہر میں ٹریفک کی
صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سادہ لباس میں پرائیویٹ گاڑی پر دورہ کیا ۔ وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کے لئے جان بوجھ کر سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کی خلاف ورزی کی جس پر ٹریفک وارڈن نے 500 روپے کا چالان کر دیا۔سی سی پی او نے چالان کی آن لائن ادائیگی کر دی ۔ سی سی پی او نے 3 وارڈنز کیلئے تعریفی سند اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ لاہور پولیس کے سربراہ محمد عمر شیخ عام سائل کی طرح تھانہ شمالی چھائونی پہنچے اور موٹر سائیکل چوری کی درخواست دی، فوری رہنمائی اور درخواست وصول کرنے پر اہلکاروں کو شاباش دی۔سی سی پی او نے تھانہ شمالی چھائونی کا جائزہ لیا اور ریکارڈ چیک کیا۔ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سے کرائم کی صورتحال پر بریفنگ لی۔ سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ نے ڈی ایس پی کو اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں