ملک میں کوئی انصاف نہیں، نواز شریف واپس نہیں آئیں گے، سینئر ن لیگی رہنما و سابق وزیر کا دوٹوک اعلان

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی پر حکومت چورن بیچنے کی کوشش کر رہی ہے، نواز شریف کیوں واپس آئیںجب ملک میں پہلے بھی انہیں انصاف نہیں ملا ،اپوزیشن نے 20 ستمبر کو اے پی سی کا اعلان کیا ہے اور اب پوری قوم کہ نظریں اس

اے پی سی پر ہیں،اے پی سی کے نتائج حوصلہ افزا ء ہوں گے،لوگ اس جبر کے نظام سے تنگ آ چکے ہیں ،حکومت نے اپنی سمت درست نہ کی تو آئین و قانون کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی نواز شریف کبھی واپس آئیں، حکومت نواز شریف کی واپسی سے متعلق بے وقوف بنانے اور چورن بیچنے کی کوشش کر رہی ہے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں جس کے مطابق وہ بیمار ہیں،نواز شریف کو اپنی صحت پر توجہ دینا چاہیے، پارٹی کا مشورہ ہے کہ نواز شریف پہلے اپنی صحت کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی انصاف نہیں ہے ،ہمارے کیس میں مدعی کا پتہ ہی نہیں لیکن ہم نے جیل بھی کاٹی ،نواز شریف کیوں واپس آئیں جب ملک میں پہلے بھی انہیں انصاف نہیں ملا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اس کا طرز عمل پاکستانیوں کیلئے بوجھ بن چکا ہے، امید کرتا ہوں اے پی سی کے نتائج امید افزا ہوںگے۔ انہوں نے کہا کراچی پیکج وہی سبز باغ ہیں جو کئی سال عمران خان نے پوری قوم کو دکھائے، اب وہی خواب عمران خان کراچی کے لوگوں کو دکھا رہے ہیں۔وزیراعظم کراچی کیلئے 1100 ارب کا پیکج کا اعلان کر آئے ہیں، پاکستان کا کل ترقیاتی بجٹ 700 ارب کا ہے تو 1100 ارب کہاں سے آئے گا کراچی پیکج کا اعلان تو کر آئے ہیں عملدرآمد نہیں ہوگا،کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا پارلیمانی ڈھانچے کو تبدیل کرنا آئین کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے مترادف ہے، باتوں سے نظام نہیں بدلے گا، بانیان پاکستان نے پاکستان کیلئے پارلیمانی نظام کا انتخاب کیا،پارلیمانی نظام کو کبھی چلنے ہی نہیں دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close