کینیڈا سے پاکستان آنیوالوں کیلئے خوشخبری، پی آئی اے نے کرایوں میں ناقابل یقین حد تک کمی کر دی

لاہور (پی این آئی) پی آئی اے نے کینیڈا سے پاکستان اور اندرون ملک ایک اور روٹ کے کرایوں میں زبردست کمی کر دی، کینیڈا سے پاکستان کیلئے فضائی سفر کے کرائے میں 15 فیصد جبکہ اندرون ملک فیصل آباد سے کراچی کے درمیان پروازوں کے کرائے میں 20 فیصد کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق

قومی ائیرلائن پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں کمی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پی آئی اے کی جانب سے ایک اندرون ملک روٹ اور ایک بیرون ملک روٹ کے کرایوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب کینیڈا سے پاکستان بذریعہ پی آئی اے سفر کرنے والے مسافروں کو کرائے کی مد میں 15 فیصد تک رعایت ملے گی۔ یہ سہولت 15 نومبر تک برقرار رہے گی۔ جبکہ اندرون ملک فیصل آباد تا کراچی روٹ کے کرائے میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔کراچی اور فیصل آباد کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو کرائے کی مد میں 20 فیصد رعایت دی گئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے کرایوں میں کمی کے ساتھ سپر بمپر آفر بھی متعارف کروا دی۔ اب مسافروں کو زائد سامان کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔پی آئی اے کی جانب سے کراچی سے لاہور یا اسلام آباد 20 کلو سامان کے ساتھ یکطرفہ کرایہ 7388 روپے مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ 20 کلو سامان کیساتھ دو طرفہ کرایہ 13521 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ان روٹس پر 35 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ 8435 روپے اور دوطرفہ کرایہ 15085 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کرنے کا مقصد مسافروں کو مزید سہولت فراہم کرنا اور فضائی سفر کیلئے انہیں ترغیب دینا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ جعلی پائلٹس تنازعہ کی وجہ سے پی آئی اے ان دنوں شدید مالی خسارے کا شکار ہے۔ کئی بین الاقوامی روٹس بند ہونے کی وجہ سے پی آئی اے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close