اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد ائیرپورٹ پر پی آئی اے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد پائلٹ کو رن وے پر ایمرجنسی بریک لگانا پڑی، طیارے میں کئی اراکین اسمبلی بھی موجود۔ تفصیلات کے مطابق نئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر منگل کی شب کو ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ
پاکستان ائیرلائن کی پرواز پی کے 325 کو کوئٹہ کیلئے روانہ ہونا تھا، تاہم طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔بعد ازاں فنی خرابی دور کیے جانے کے بعد جب طیارہ اڑان بھرنے کے قریب تھا تو رن وے پر دوبارہ سے فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ پائلٹ نے ہنگامی طور پر ایمرجنسی بریک لگا کر طیارے کو رن وے پر ہی کنٹرول کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کئی اراکین اسمبلی بھی سوار تھے، جو کوئٹہ جا رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تمام واقعے کے بعد اسلام آباد سے کوئٹہ کیلئے پرواز پی کے 325 کل صبح تک کیلئے کینسل کر دی گئی ہے۔ پرواز اب بدھ کی صبح اڑا بھرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں