اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاق نے سندھ میں متاثرین کیلئے کوئی امداد کا اعلان نہیں کیا ، جو منصوبے کراچی پیکج میں شامل کئے گئے ہیں وہ پہلے سے پی ایس ڈی پی میں شامل ہیں، کے فور کے منصوبے پہلے سے ہی وفاق اور
سندھ حکومت چلا رہے تھے، کے سی آر کا منصوبہ پہلے ہی آ چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بارشوں سے متاثر ہونے والوں کیلئے کیا پیکج دیا گیا، وفاقی حکومت نے صرف اعداد و شمار کی شعبدہ بازی کی ہے، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ جنگ شروع کی ہے اور مجھے خدشہ ہے کہ سندھ کا امن خراب ہو سکتا ہے جبکہ میری دعا ہے ایسا نہ ہو، وزیراعظم عمران خان نے 5گھنٹوں کیلئے کراچی ہاتھ لگایا اور واپس آ کر پیپلز پارٹی سے جنگ شروع کر دی۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اپنی غلط پالیسیوں اور منصوبوں سے انتشار پھیلا رہی ہے ، کراچی پیکج کے نام پر لولی پاپ دیا جا رہا ہے جبکہ حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نیب کو استعمال کر رہی ہے حکومت چاہتی ہے کہ پنجاب میں بھی پولیس گردی ہو اور پنجاب کو انتظامی طور پر مفلوج کر دیا گیا ہے، پنجاب میں 5آئی جیز تبدیل کر دیئے گئے ہیں، تمام معاملات میں وفاق کی مداخلت ہوتی ہے، پنجاب کے عوام کو تباہ کیا جا رہا ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں