اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا‘ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق بات چیت کی گئی ملاقات کے دوران ایف اے ٹی ایف سے قانون سازی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر وزیر
اعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا اور ملک کو لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے ذرائع کے مطابق بابراعوان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے قانونی نکات پر بریفنگ دی.اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی صحت فیصل سلطان اور صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے ملاقات کی اور پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی میں خیبر پختونخوا کے طرز پر توسیع کے امور پر گفتگو کی گئی. یاد رہے کہ پچھلے ہفتے غیرملکی نشریاتی ادارے سے انٹرویو کے دوران وزیر اعظم نے کہا تھاکہ ہم نے حکومت سنبھالی تو متعدد معاشی چیلنجز کا سامنا تھا لیکن ہم نے معاشی اصلاحات اور کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات کئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قرض پر انحصار ہو تو معیشت نہیں چلتی اور ہم نہیں چاہتے کہ ملک قرض پر چلے.عمران خان کا کہنا تھاکہ ہماری حکومت نے معیشت کو درست سمت پر گامزن کر دیا ہے لیکن راتوں رات معیشت درست نہیں کی جا سکتی‘وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ عوام کو بھوک سے بھی بچانا تھا، ہم نے آنکھیں بند کر کے مکمل لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عمل نہیں کیا ہم نے کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے. عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئے اور تمام سیاسی جماعتوں کو کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی نشاندہی کریں ہماری حکومت نے خندہ پیشانی سے تنقید کا سامنا کیا.ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایلیٹ کا قبضہ تھا جہاں امیر امیرتر ہو رہے تھے لیکن ہم نے پالیسیاں تبدیل کی ہیں اور غربت کے خاتمے کے ایک جامع پروگرام متعارف کروایا ہے نوجوانوں کے لیے الگ سے مختلف پروگرام شروع کیئے گئے ہیں جو ملک سے غربت میں کمی کے لیے حکومت کے پروگرام کا ہی حصہ ہے.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں