مون سون بارشوں نے پانی کے ذخائر میں زبردست اضافہ کر دیا، ملکی آبی ذخائر سالوں بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

لاہور(پی این آئی) برسوں بعد ملک کے تمام ڈیم مکمل طورپر بھر گئے، ملک میں مون سون کی ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے تمام ڈیموں میں پانی کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ملک میں ہونے والی حالیہ ریکارڈ مون سون بارشوں نے پانی کے ذخائر میں زبردست اضافہ کیا ہے۔

حکومت کو پیش کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک کے تمام ڈیم مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔پاکستان میں پانی کے ذخائر اس وقت ریکارڈ سطح پر ہیں۔ ڈیموں کے مکمل طور پر بھر جانے سے پانی کی ضروریات کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا۔ بتایا گیا ہے کہ برسوں بعد پہلی مرتبہ ملک کے تمام ڈیم ایک ہی وقت میں مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔ ملک کے دو بڑے آبی ذخائر منگلا اور تربیلا میں پوری صلاحیت کے مطابق پانی ذخیرہ کر لیا گیا ہے۔جبکہ راول ڈیم، خان پور ڈیم، حب ڈیم اور دیگر بھی مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔تربیلا اور منگلا ڈیم میں پوری صلاحیت کے مطابق پانی ذخیرہ کیا جا چکا۔ تربیلا اور منگلا ڈیموں میں مکمل صلاحیت کے مطابق پانی بھر جانے سے بجلی کی پیداوار میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 9 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کی گئی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس ربی سیزن کے دوران 49 فیصد پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔تاہم اب رواں سال پانی کے ذخائر میں ریکارڈ اضافے سے 80 فیصد سے زائد پانی کی ضروریات پوری کر لی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ پانی کے ذخائر بھر جانے اور ربی سیزن کے دوران پانی کی مطلوبہ مقدار دستیاب ہونے سے پاکستانی معیشت کو 900 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ واضح رہے کہ رواں سال ملک میں ریکارڈ مون سون بارشیں ہوئیں۔ خاص کر صوبہ سندھ ایک ماہ تک مسلسل اور موسلادھار بارشوں کی زد میں رہا۔ اب بتایا گیا ہے کہ مون سون سیزن اختتام کے قریب ہے، ملک میں رواں ماہ زیادہ بارشیں ہونے کا امکان نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close