تحریکِ نظام مصطفیﷺکا آغاز، شریعت اور نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کے بغیر پاکستان کو محفوظ نہیں بنایا جاسکتا، حکومت اور فوج سے بڑا مطالبہ کر دیا گیا

پشاور(پی این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 12 ربیع الاول حضورﷺ کی ولادت کے مبارک دن سے نظام مصطفیﷺ اور سود کے خاتمے کے لیے تحریک کا آغاز کریں گے،حکمرانوں اور افواج پاکستان سے کہتاہوں کہ شریعت اور نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کے بغیر پاکستان

کو محفوظ نہیں بنایا جاسکتا،ہمارے حکمران غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ کر اپنے کارخانے اور بنگلے بنا رہے ہیں،ہمارے پیغمبرﷺ نے تو دشمنوں کی امانتوں کی بھی حفاظت کی، عوام کے ساتھ فراڈ کرنے کو حکمران اپنی قابلیت سمجھتے ہیں،حکمران اپنے وعدوں سے مکر کر کہتے ہیں رات گئی بات گئی ،آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز حکمران سر اٹھانے کا نام نہیں لیتےحالانکہ آئی ایم ایف کے آگے ہاتھ پھیلانے سے خود کشی کرنا بہترقرار دیتے تھے ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے ایف اے ٹی ایف کے قوانین میں حکومت کا ساتھ دے کر ثابت کیا کہ امریکی جھنڈے تلے یہ سب ایک ہیں ،ان کی محبتوں کا قبلہ آج بھی واشنگٹن اور لندن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر بازار پشاورمیں جلسہ تحفظ ختم نبوتﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان اور پشاور کے امیر عتیق الرحمن، مفتی امتیازمروت نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نےکہاکہ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھےہوئےقادیانی پاکستان کی سا لمیت کےخلاف سازشوں میں مصروف ہیں،حکمران امریکہ و سامراجی اور استعماری قوتوں کی خوشنودی اور ڈالرز کے لیے پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں،72 سال بعد بھی پاکستان کے بائیس کروڑ عوام تحفظ ختم نبوت ﷺاور ناموس رسالتﷺ کی حفاظت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں،کلمہ کے نام پر بننے والے ملک میں اگر ناموس رسالتﷺ اور صحابہ کرام ؓ کی عزت محفوظ نہیں تو یہ کیسا اسلامی ملک ہے؟حکمرانوں نے تو پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کی قیادت بھی دشمن کی مٹھی میں ہے اور وسائل پر بھی اس کا قبضہ ہے،حکمران بائیس کروڑ عوام کے لیے نہیں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے لیے قانون سازی کرتے ہیں،کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمان اور مائیں بہنیں بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکہ کی 86 سالہ قید میں ہے لیکن یہ ٹرمپ سے ہاتھ ملاتے ہیں مگر قوم کی بیٹی کے لیے آواز نہیں اٹھاتے،اقتدار پر وطن فروش ، ضمیر فروش، بھائیوں اور بہنوں کے سودے کرنے والے غیرت و حمیت سے عاری حکمران مسلط ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 295 سی کو ختم کرنے کے لیے کہتے ہیں کہ اس کا غلط استعمال ہوتاہے،حکمران بتائیں کہ وہ کس قانون کادرست استعمال کر رہے ہیں؟ یہ دشمن کے اشارے پر 295سی کو ختم کرنا چاہتے ہیں،حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور حضور ﷺکی شان میں گستاخی کرنے والوں کو موت کی سزا دے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں