کویت(پی این آئی) پاکستان کی 500 افراد پر مشتمل میڈیکل ٹیم ستمبرکے آخر میں کویت پہنچے گی، میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے لوگ شامل ہیں، میڈیکل ٹیم کورونا وائرس کی دوسری لہرسے نمٹنے کیلئے کویت کی معاونت کرے گی۔ گلف نیوز کے مطابق پاکستان کی میڈیکل ٹیم نے کورونا وائرس کی
دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے کویت کو طبی خدمات کی مد میں مدد فراہم کرنے کی تیاری کرلی ہے، پاکستان سے 500 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم رواں ماہ ستمبر کے آخر میں کویت جائے گی، جہاں پر پاکستان کی طبی ٹیم کویتی ڈاکٹرز کے ساتھ ملکر کورونا سے نمٹنے کیلئے خدمات فراہم کرے گی۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی میڈیکل ٹیم کی کویت میں ملازمت ، تنخواہ اور سفر ی قواعدوضوابط کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔کویتی ہیلتھ حکام پاکستان کی میڈیکل ٹیم کو لے جانے کیلئے وزارت صحت سے رابطے میں ہیں۔ تاہم دونوں اطراف میں میڈیکل ٹیم کے افراد کی تنخواہ ، رہائش، سفری سہولیات سمیت دیگر مراعات کے حوالے سے گفت وشنید کا عمل جاری ہے۔ پاکستان بھی ان 32 ممالک میں شامل ہے جن پر کویت نے کورونا خدشات کے پیش نظر ستمبر کے آخر تک پروازوں پر پابندی عائد کی تھی۔پاکستان کی میڈیکل ٹیم بغیر کسی کفالت یعنی سپانسرشپ کے چھ ماہ کیلئے کویت خدمات سرانجام دے گی۔ میڈیکل ٹیم کے کویت میں قیام کی مدت کے خاتمے کے بعد بھی کچھ کی وہاں پرتقرریاں کی جاسکتی ہیں۔ یاد رہے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور کویت کے درمیان جولائی میں تعاون کامعاہدہ ہوا تھا۔ کویت میں کورونا وائرس کا دوسری لہر شروع ہونے کو ہے، ابھی تک کویت میں 88ہزار963کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 540 اموات ہوچکی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں