وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے بعد حکومت نے بلاول بھٹو کا بڑا مطالبہ مان لیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے سیلاب ریلیف کاموں میں اراکین اسمبلی کی مصروفیت کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر قومی اسمبلی کا

اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان سے رابطہ کر کے فیٹف قوانین کی منظوری سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی۔دونوں رہنماؤں میں سیلاب کی صورت حال اور ممبران پارلیمنٹ کی مصروفیات پر بھی گفتگو ہوئی، کہا گیا کہ متعدد ارکان سیلاب زدگان کے لیے ریلیف اقدامات میں مصروف ہیں، اس لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا جائے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اب 14 ستمبر شام ساڑھے 4 بجے ہوگا، جب کہ سینیٹ کا اجلاس 15 ستمبر صبح ساڑھے 10 بجے بلایا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق گفتگو میں بابر اعوان کو ہدایت کہ فیٹف سمیت تمام ضروری قانون سازی کو جلد پارلیمنٹ لے جائیں، فیٹف قانون سازی قومی ضرورت ہے، اسے پورا کریں۔

close